نئی دہلی، 2/جولائی (ایس او نیوز/ایجنسی) نابالغ پہلوانوں کے جنسی استحصال کے ملزم بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ نے اس بات پر راحت کی سانس لی ہوگی کہ جس نابالغ خاتون پہلوان کی شکایت پر برج بھوشن سنگھ پر پوکسو ایکٹ کے تحت کیس درج کیا گیا تھا، اس نے عدالت میں پولیس کی کلوزر رپورٹ پر کوئی اعتراض نہیں کیا ہے۔ نابالغ خاتون پہلوان اور اس کے والد نے ایڈیشنل سیشن جج چھوی کپور کے سامنے اپنا بیان درج کراتے ہوئے کہا کہ وہ پولیس کی جانچ سے مطمئن ہیں اور اس کیس میں دہلی پولیس کی کلوزر رپورٹ سے انھیں کوئی اعتراض نہیں۔
نابالغ خاتون پہلوان اور اس کے والد کا بیان درج ہونے کے بعد عدالت نے 6 ستمبر تک اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا ہے۔ پبلک پرازیکیوٹر اتل شریواستو نے اس سلسلے میں کہا کہ عدالت 6 ستمبر کو کیس کو رد کیے جانے پر اپنا فیصلہ سنائے گی۔ اس معاملے میں نابالغ پہلوان کی شکایت پر پوکسو کے تحت کیس درج کیا گیا تھا اور بعد میں نابالغ پہلوان نے برج بھوشن پر لگائے گئے الزامات واپس لے لیے تھے۔ بعد میں اس معاملے میں پولیس نے کلوزر رپورٹ عدالت میں داخل کی تھی۔
اس سے قبل دہلی پولیس نے 15 جون کو عدالت میں کلوزر رپورٹ داخل کی تھی اور عدالت سے گزارش کی تھی کہ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف پوکسو کے تحت درج کیس کو رد کیا جائے۔ اس پر عدالت نے نابالغ اور ان کے والد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کا نظریہ جاننے کے لیے کہا تھا۔ عدالت نے نابالغ کا نظریہ جاننے کے بعد ہی کلوزر رپورٹ پر اپنا فیصلہ سنانے کے لیے کہا تھا۔ دہلی پولیس نے عدالت میں 550 صفحات کی کینسلیشن رپورٹ داخل کی تھی۔ اس کلوزر رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس کیس میں برج بھوشن سنگھ کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملے ہیں۔